پی ایس ایل، نازیہ حسن کو خراج عقیدت

پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی اختتامی تقریب اتوار کو کراچی میں ہوگی ۔ اس تقریب میں بھی افتتاح کی طرح نازیہ حسن کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ فرق یہ ہے کہ اس بار خراج عقیدت ان کے بھائی ذوہیب حسن پیش کریں گے۔

نازیہ حسن تو اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور ذوہیب بھی کم ، کم ہی کہیں پرفارم کرتے نظر آتے ہیں لیکن سن 1980 کے عشرے میں گائے ہوئے ان کی گانے بھارت اور پاکستان میں آج بھی اس قدر مقبول ہیں کہکبھی انہیں ری مکس کرکے پیش کیا جاتا ہے تو کبھی نئی فلموں میں اسے جدید طرز کے ساتھ ڈھال دیاجاتا ہے۔ مثال کے طور پر ’ڈسکو دیوانے ۔۔‘ ایسا گانا ہے جو حالیہ برسوں میں ریلیز ہونے والی ایک بھارتی فلم میں دوبارہ اس کی ہیروئن پر پکچرائز کیا گیا۔

میوزک کمپیٹیشن ہو یا کانسرٹ نازیہ اور ذوہیب کے گانوں کے بغیر ادھورے تصور ہوتے ہیں۔ پچھلے مہینے دبئی میں پی ایس ایل سیزن فور کی افتتاحی تقریب میں بھی نازیہ کے 2گانے ’ڈسکو دیوانے ۔۔‘ اور’ تیری میری دوستی ۔۔۔‘ نئے دور کی گلوکارہ آئمہ بیگ اور ان کے ساتھی سنگر شجاع حیدر نے اپنی آواز میں گائے اور خوب تعریفیں سمیٹیں۔

لیکن ذوہیب حسن کا اس پر سخت اعتراض سامنے آگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گانے ان کی اجازت کے بغیر گائے گئے۔مقامی میڈیا اطلاعات کے مطابقذوہیب نے قانونی کارروائی کرنے کا بھی اعلان کردیا۔

اس اعلان پر پی سی بی کی انتطامیہ حرکت میں آئی اور انہوں نے ذوہیب حسن کو بات چیت کے لئے بلابھیجا۔ دونوں فریقوں میں طے پایا کہ ذوہیب حسن 17 مارچ کو ہونے والی اختتامی تقریب میں نہ صرف خود پرفارم کریں گے بلکہ نازیہ کو خراج عقیدت بھی وہ خود ہی پیش کریں گے ۔

اس حوالے سے ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ذوہیب کا کہنا ہے کہ ’میں بہت خوش ہوں کہ اپنی مرحوم بہن کو خراج عقیدت پیش کروں گا۔ ‘

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top