سپرلیگ ، ٹیموں اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر ایک نظر

Performance.jpg

پاکستان سپر لیگ میں اب تک مجموعی طور پر سات میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے تین، تین جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز نے دو، دو میچز کھیلے ہیں۔

بیٹسمینوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر اکمل اور بولرز میں لاہور قلندرز کے راحت علی سر فہرست ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ‘ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔کوئٹہ نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو سات رنز سے شکست دی جبکہ دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بآسانی سات وکٹوں سے جیتنا۔

پشاور زلمی کو پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی کے ہاتھوں شکست ہوئی لیکن دوسرے میچ میں اُس نے لاہور قلندر کو 7 وکٹوں کے ساتھ آسانی سے زیر کیا اور دو پوائنٹس حاصل کیے۔

ملتان سلطانز کی پرفارمنس بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ پہلے ہائی اسکورنگ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز نے شکست کا داغ دیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف دوسرا میچ آسانی کے ساتھ پانچ وکٹوں سے اپنے نام کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست دی جو ایونٹ میں اب تک اس کی واحد جیت ہے، اس کے بعد مسلسل2مرتبہ شکست اس کا مقدر بنی۔ ملتان سلطانز نے 5وکٹوں سے ہرایا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سات وکٹوں سے شکست دی۔

کراچی کنگز نے بھی دومیچوں میں سے ایک جیتا اور ایک ہارا۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات رنز سے ہرایا جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں 22 رنز سے شکست ہوئی۔

قسمت اس بار بھی لاہور قلندر سے خفا
قسمت اس مرتبہ بھی لاہور قلندرز کا ساتھ نہیں دے رہی۔ پہلے ہی میچ میں اُسے اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 وکٹوں سے ہرایا لیکن دوسرا میچ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف 22 رنز سے جیتا۔ تیسرے میچ میں ایک بار پھر اُسے شکست کا منہ دیکھانا پڑا۔ پشاور زلمی نے اُسے سات وکٹوں سے زیر کیا۔

سب سے زیادہ اور سب سے کم اسکور کس ٹیم نے بنایا؟
رواں سیزن میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں کسی بھی ٹیم کا زیادہ سے زیادہ اسکورکراچی کنگز کا ملتان سلطانز کے خلاف 183جبکہ کم سے کم اسکور 78رنز ہے جو لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف بنایا۔

ٹاپ اسکورر کون؟
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمراکمل مجموعی طور پر 119رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں، اُن کا اسٹرائیک ریٹ 152 اور کسی بھی اننگز میں سب سے زیادہ اسکور 75 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

دوسرے نمبر پر کراچی کنگز کے بابر اعظم ہیں، وہ 108 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اب تک 105رنز بناچکے ہیں، سب سے زیادہ اسکور 77 رنز ہے۔

سب سے زیادہ چھکے کس کھلاڑی نے لگائے ؟
کراچی کنگز کے لیونگ اسٹون اور اسلام آباد کے لیونک رونکی نے اب تک سب سے زیادہ 6،6 چھکے لگائے ہیں۔

سب سے بڑی پارٹنرشپ
سب سے بڑی شراکت کراچی کنگز کے اوپنرز بابر اعظم اور لیونگ اسٹون کے درمیان قائم ہوئی۔ دونوں بیٹسمینوں نے ملتان سلطانز کے خلاف 157رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تھا۔

کون سا بولر سب سے زیادہ کامیاب ؟
بولرز میں لاہور قلندرز کے راحت علی سب سے آگے ہیں، وہ 5اعشاریہ 8 کے اکانومی ریٹ سے مجموعی طور پر 8 کھلاڑیوں کا شکار کرچکے ہیں، بہترین بولنگ 29رنز کے عوض 4 وکٹیں ہے۔پشاور زلمی کے وہاب ریاض، حسن علی، کراچی کنگز کے محمد عامر اور لاہور قلندرز کے حارث رؤف کی 5،5 وکٹیں ہیں۔

کسی بھی بولر کی ایک اننگز میں سب سے اچھی کارکردگی پشاور زلمی کے حسن علی کی ہے، انہوں نے صرف 15رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

مہنگے ترین بولر
کراچی کنگز کے سہیل خان مہنگے ترین بولر رہے۔ انہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف میچ کے دوران چار اوورز میں 57 دے کر2 وکٹیں لیں، اکانومی ریٹ 14 اعشاریہ 25 رہا۔

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top