​لاہور قلندرز،مقبول فرنچائز، غیر مقبول کارکردگی

LahoreQalandars.jpg

​لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیموں میں عوامی سطح پر کافی مقبول فرنچائز ٹیم ہے لیکن عوامی مقبولیت اور بڑے بڑے ملکی و غیرملکی کرکٹر کی موجودگی کے باوجود وہ پی ایس ایل میں بہت زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھاسکی ہے۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے تینوں سیزنز میں مجموعی طور پر 26میچ کھیلے اور صرف8میںکامیابی حاصل کرسکی جبکہ 18میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، یوں جیت کا تناسب صرف 30اعشاریہ 76ہے۔

لاہور قلندرز کی سب سے مایوس کارکردگی پشاور زلمی کے مدمقابل رہی ہے، دونوں ٹیمیں 6مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آچکی ہیں اور صرف ایک بار قلندرز کی ٹیم زلمی کو شکست دے سکی جبکہ پانچ میچوں میں ہار اُس کا مقدر بنی ہے۔

لاہور قلندرز کے موجودہ کپتان محمد حفیظ اور نائب کپتان فخرزمان ہیں جبکہ ٹیم کے کوچ سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید ہیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں نامور مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مایہ ناز غیرملکی کرکٹر بھی شامل ہیں جن میں سب سے بڑا نام مسٹر 360 یعنی اے بی ڈیولیئرز کا ہے۔ ڈیولیئرز جس ٹیم کا حصہ ہوں اُسے حریف ٹیم پر پہلے ہی نفسیاتی برتری حاصل ہوجاتی ہے۔

محدود اوورز کی کرکٹ کے اعدادو شمار ہی ڈیولیئرز کے کھیل میں یکتا ہونے کی گواہی دیتے ہیں۔ جنوبی افریقا کے جارح مزاج بیٹسمین 267ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 7ہزار 178رنز بناچکے ہیں ، سب سے زیادہ اسکور 133 رنز ناٹ آؤٹ ہے جبکہ اسٹرائیک ریٹ 149 اور اوسط 35اعشاریہ 7 ہے۔

دیگر بیٹسمینوں اور آل راؤنڈرز میں فخرزمان، حارث سہیل، محمد حفیظ، اینٹن ویوسیچ، کارلوس بریتھ ویٹ، کورے اینڈرسن، برینڈن ٹیلر، عمیر مسعود، گوہر علی، حارث رؤف، سہیل اختر، آغا سلمان، حسن خان اورمحمد عمران شامل ہیں۔

اسپیشلسٹ بولرز کی شکل میں یاسرشاہ، شاہین آفریدی، راحت علی، سندیپ لامی چھان اور اعزاز چیمہ ٹیم کا حصہ ہیں۔

عمر اکمل لاہور قلندرز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین جبکہ یاسر شاہ ٹیم کے لئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔

عمراکمل نے 138 اعشاریہ 3 کے اسٹرائیک ریٹ سے 556 رنز بنارکھے ہیں، جن میں پانچ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں، کسی بھی اننگز میں اُن سب سے زیادہ انفرادی اسکور 93رنز ہے۔

لیگ اسپن کے جادوگر یاسر شاہ نے 20وکٹیں لے رکھی ہیں، انہوں نے 7 رنز کے عوض 4 شکار کرکے بہترین بولنگ پرفامنس دی جبکہ اُن کا اکانومی ریٹ 6 اعشاریہ 72 ہے۔

فاسٹ بولرز میں سہیل تنویر سب سے کامیاب بولر ہیں، اُنہوں نے پی ایس ایل 2017ء میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی اور سیزن کے آٹھ میچوں میں 10وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن، زمبابوے کے برینڈن ٹیلر اور ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ ایسے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا نقشہ بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top