انوشکا شرما فلمی دنیا کو جلد الوداع کہہ دیں گی؟

خبریں گرم ہیں کہ بالی ووڈ ایکٹریس انوشکا شرما فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فلم ‘زیرو’ میں ان کی اداکاری کو پسند نہیں کیا گیا اور فلم بری طرح فلاپ ہوگئی تو کیوں نہ صحیح وقت پر بالی ووڈ کو الوداع کہہ دیا جائے؟

انوشکا کے اس بیان کے بعد سے ان کی فلم انڈسٹری سے علیحدگی سے متعلق خبروں اور افواہوں کا بازار خاصا گرم ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں انوشکا کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اب میں ایسی پوزیشن میں ہوں، اور سیف ہوں کہ جہاں مجھے نئی فلمیں سائن کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ میرا فلموں سے مزید جڑے رہنے کا وقت چلاگیا ہے۔

انوشکا کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سال میں نے فیشن کو دیے ہیں اور یہ بڑا تھکا دینے والا کام ہے۔ اس دوران جو کردار میں نے ادا کیے وہ بھی بہت ڈیمانڈنگ تھے۔

انوشکا مزید کہتی ہیں کہ ایک سال میں میں نے پری، سوئی دھاگہ اور زیرو جیسی فلمیں کیں۔ یہ آسان کام نہیں تھا۔ سب الگ الگ کردار تھے اور سب کے لیے بہت تیاری کرنا پڑی تھی۔

فلم زیرو میں دماغی طور پر بیمار اور معذور لڑکی عافیہ یوسف زئی بھنڈر کے کردار کی تعریف کیے بغیر تو انوشکا شرما کے ناقد بھی نہ رہ سکے جب کہ فلم بینوں نے بھی اس کرار کو بہت سراہا۔ لیکن فلم زیرو کے بعد سے انوشکا اسکرین سے غائب ہیں۔

انوشکا سن 2018 میں فلم زیرو میں نظر آئی تھیں لیکن زیرو باکس آفس پر اس بری طرح ناکام ہوئی کہ اب وہ فلم انڈسٹری سے ہی کنارہ کشی کا سوچ رہی ہیں۔

انہی کی طرح فلم کے ہیرو شاہ رخ خان بھی اسکرین سے آؤٹ ہیں۔ انہوں نے رواں سال اپریل تک کوئی بھی فلم سائن کرنے سے انکار کردیا تھا۔

امید تھی کہ مئی سے وہ فلم انڈسٹری میں لوٹ آئیں گے لیکن اب انہوں نے اپنی چھٹیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ ابھی کچھ مہینے مزید فلمی دنیا کی چمک دمک سے دور رہیں گے۔

زیرو کے ہیرو اور ہیروئن کی جانب سے فلمی دنیا سے گمنامی کی زندگی میں لوٹ جانے سے متعلق ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں ہوا ہے۔ لیکن لگتا یہی ہے کہ شاید انوشکا جلد فلم انڈسٹری کو الوداع کہہ دیں۔۔۔ لیکن اس بارے میں حتمی فیصلے کے لیے فی الحال انتظار کرنا ہوگا۔

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top