’کوئٹہ گلیڈی ایٹرز‘پشاور زلمی کی حریف

Quetta-Gladiators.jpg

پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن میں فائنل تک پہنچنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اگر پشاور زلمی کا سب سے بڑا حریف سمجھا جائے تو غلط نہیں ہوگا کیوں کہ وہ 10 بار پشاور زلمی کے مدمقابل آچکی ہے ۔

لیکن اس بار ٹیم کی ایک بڑی تبدیلی یہ ہے کہ اسے انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن کی خدمات حاصل نہیں ۔ پیٹرسن گذشتہ برس ہرقسم کی بین الاقوامی لیگز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2016ء میں پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا جہاں اُس کا مقابلہ دبئی میں اسلام آبادیونائیٹڈ سے ہوا تھا۔

کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 174رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد نے ہدف 8گیندوں پہلے 4وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا تھا۔ ڈیوائن اسمتھ دھواں دار 73رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔

پی ایس ایل سیزن فور میں بھی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں معروف کھلاڑیوں عمراکمل، احمد شہزاد، ریلی روسو کے ساتھ ساتھ محمد اعظم خان اور احسن علی جیسے اسپیشلسٹ بیٹسمین شامل ہیں جبکہ آل راؤنڈر کی شکل میں شین واٹسن، محمد نواز، انور علی، سعود شکیل، سنیل نارائن، سہیل تنویر، ڈی جے براوو، جلات خان اور دانش عزیز ٹیم کا حصہ ہیں۔

اسپیشلسٹ بولرز میں ہیری گرنی، فواد احمد، محمد اصغر، غلام مدثر اور محمد حسنین حریف ٹیم کی وکٹیں گرانے کے لئے بے تاب ہیں۔

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر اور ٹی20 کرکٹ کے ماہر ڈیوین براووبھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہیں اور 2006ء کے بعد پہلی بار پاکستان آئیں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں اب تک مجموعی طور پر 31میچز کھیلے ہیں، 17جیتے اور 13میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس طرح اُس کی کامیابی کا تناسب 54اعشاریہ 83 ہے۔

کوئٹہ کی ٹیم سب سے زیادہ 10 بار پشاور زلمی کے مدمقابل آئی، چار مرتبہ جیت اس کا مقدر بنی جبکہ 5 میچوں میں شکست ہوئی اور ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا زیادہ سے زیادہ اسکور 203رنز تین کھلاڑی آؤٹ ہے جو اُس نےپہلے سیزن میں لاہور قلندرز کے خلاف بنایا تھا جبکہ کم ترین اسکور 90رنز ہے جو پشاور زلمی کے خلاف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بناتھا۔

کیون پیٹرسن کو کوئٹہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 26اعشاریہ 56کی اوسط سے مجموعی طور پر 611رنز بنائے ہیں۔ اُن کےبعد کپتان سرفراز احمد نے 30اعشاریہ 2 کی اوسط سے 574رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ کے کسی بھی کھلاڑی کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور90رنز ہے جو شین واٹسن نے 2018ء میں کراچی کنگز کے خلاف بنایا تھا۔

محمد نواز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سب سے کامیاب بولر ہیں۔ وہ 23اعشاریہ 13 کی اوسط سے مجموعی طور پر 30 وکٹیں لے چکے ہیں۔ ان کی بہترین پرفارمنس 13رنز کے عوض 4وکٹ ہے۔

احمد شہزاد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن کا اہم ستون ہیں۔ وہ اپنی ٹیم سے کی طرف سے مجموعی طور پر 532رنز بنا چکے ہیں جو پیٹر سن اور سرفراز احمد کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔

چوتھا نمبر ریلی روسو کا آتا ہے جو 2017 اور 2018 کے سیزن میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیل کر 455رنز بنا چکے ہیں۔ ان کا اوسط 35 اور کسی بھی اننگز میں زیادہ سے زیادہ اسکور 76رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن سے بھی کوئٹہ کو بڑی توقعات ہیں۔ شین واٹسن نے گذشتہ سیزن میں کوئٹہ کی جانب سے 10میچز کھیلے اور 35اعشاریہ 44 کی اوسط سے 319رنز بنائے جس میں 90رنز کی سب سے بڑی اننگز بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر سہیل تنویر اور اسپن بولنگ سے حریف بیٹسمینوں کو پریشان کرنے والے ویسٹ انڈین بولر سنیل نارائن بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اہم ہتھیار ہیں۔ دونوں کھلاڑی دھواں دار بیٹنگ کے حوالے سے بھی کافی شہرت رکھتے ہیں اور آخری لمحات میں ٹیم کو رنز کی ضرورت پڑے تو گیند کو بآسانی باؤنڈری لائن کے باہر پھینک سکتے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی کو برانڈ ایمبسیٹڈر مقرر کیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مصروف شیڈول کے باوجود وہ افتتاحی تقریب میں شرکت کریں اور ایونٹ کے دوران ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گی۔

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top