عماد وسیم کو فٹنس کے لئے مزید وقت دینے کا فیصلہ

Imad-Wasim.jpg

فائل فوٹو

پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم کو فٹنس ثابت کرنے کے لئے مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کے 22ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل عماد وسیم فٹنس کے حوالے سے ان دنوں قیاس آرائیوں کی زد میں ہیں کیونکہ گھٹنے کی پرانی انجری کی وجہ سے وہ اب تک فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے ہیں تاہم اُنہیں ایک موقع اور دیا جائے گا اور پی سی بی حکام کو یقین ہے کہ وہ ٹیسٹ کلیئر کرلیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فٹنس ٹیسٹ کے نتائج کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے تاہم یہ بات واضح ہے کہ تمام 22 کھلاڑی ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے ہیں۔

گھٹنے کی انجری میں مبتلا عماد وسیم آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی  اور اپنی بحالی پر کام کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر زیرگردش ایک ویڈیو میں عماد وسیم اپنے ساتھیوں کے ساتھ جاگنگ کے دوران قذافی اسٹیڈیم کے اسٹینڈ کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے بہت محتاط دکھائی دیئے جس کی وجہ سے اُن کی فٹنس کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق 18اپریل کو اسکواڈ کا اعلان کررہے ہیں تاہم اس سے پہلے عماد وسیم ٹیسٹ کے ایک اور مرحلے سے گزریں گے۔

   پاکستان ٹیم کے بیشتر اہم کھلاڑی فٹس ٹیسٹ کلیئر کرچکے ہیں لیکن نوجوان کھلاڑی محمد حسنین اور عابد علی ٹیسٹ میں مطلوبہ گریڈ حاصل نہیں کرسکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ٹیسٹ پاس کرنا اب بھی ضروری ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ جمعرات کو منتخب ہونے والے کھلاڑی ورلڈکپ میں پاکستان کی مہم شروع ہونے تک ٹیسٹ پاس کرلیں گے۔

چیف سلیکٹر انضام الحق جمعرات کی شام اسکواڈ کا اعلان کریں گے، جس میں دورہ انگلینڈ کے لئے دو اضافی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔

پاکستان ٹیم 22 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی، جہاں ورلڈ کپ سے پہلے انگلش ٹیم کے ساتھ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top