بشریٰ انصاری کا یوٹیوب چینل متعارف

پاکستان ٹی وی کی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستان او ربھارت کو پیغام امن کے ساتھ اپنا آفیشیل یوٹیوب چینل متعارف کرادیا ہے۔

چینل کی پہلی پیشکش ایک پنجابی گانا ‘ہمسائے ما جائے’ ہے۔

گانے کی ویڈیو میں دو بہنوں کو دکھایا گیا ہے۔ ان دونوں کے درمیان ایک دیوار کھڑی ہے جو سرحدوں کی علامت ہے۔ دیوار کے ایک جانب ایک بھارتی خاتون (بشریٰ انصاری) اور دوسری جانب پاکستانی خاتون اور بشریٰ کی بہن اداکارہ اسما عباس کو دکھایا گیا ہے۔

دونوں بہنیں ایک گانا ‘ہمسائے ماجا’ گارہی ہیں جس کی شاعری میں کچھ گلے شکوے اور کچھ ‘ساجھے ‘کی باتیں کی گئی ہیں یعنی زمین دونوں ممالک کی ایک جیسی ہے ۔ چاند ،ستارے، کھانا پینا، خوارک ، پوشاک ایک ہی جیسی ہیں اور دونوں جانب امن اور محبت کی پکار ہے ۔

دونوں بہنیں ایک دوسرے سے ملاقات کی خواہش رکھتی ہیں اور کچھ نہیں کرسکتیں تو ایک دوسرے کی محبت سے سرشار اپنی اپنی ‘چنریوں ‘ (دوپٹوں)کا تبادلہ کرلیتی ہیں ۔

دونوں یہ کہتی ہیں کہ ہمارے مسائل بھی ‘ساجھے ‘ ہیں۔۔۔ وہی بجلی، پانی کی کمی اور وہی غربت کا ‘جن’ جو ادھر بھی ہے اور ادھر بھی۔

ایٹم بم یہاں بھی ہے ۔۔۔اور وہاں بھی ہے ۔ جدھر سے بھی چلا لاکھوں انسان مرجائیں گے ۔۔۔تو کیوں نا اس ایٹم بم کو ہی ‘چولہے’ میں ڈال دیں اور دونوں امن، محبت اور انسانیت کے گیت گنگنائیں۔

گیت کا بنیادی مقصد پیغام محبت کو پھیلانا اور کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی عوام آپسی محبت اور امن کی متلاشی ہے جب تک یہ امن نہیں آجاتا مسائل کا حل ہونا مشکل ہے۔

گیت کی پیشکش خودبشریٰ انصاری کی ہے جبکہ ڈائریکشن اقبال حسین نے دی ہیں ۔ شاعری بشریٰ انصاری کی تیسری بہن نیلم احمد بشیر کی ہے ۔

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top