آسٹریلیا پاکستان کے خلاف پھر جیت جائے گا؟

PAkVsAs.jpg

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جارہا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف ایک اور سیریز اپنے نام کرنے سے صرف ایک جیت کی دوری پر ہے جبکہ پاکستان اگلے تینوں میچ جیت کر ہی اسے ایسا کرنے سے روک سکتا ہے۔

پاکستان بولرز کی غیر متاثر کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا نے شارجہ میں کھیلے گئے پہلے دو میچز میں بآسانی آٹھ، آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

پہلے میچ میں پاکستانی کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی اور مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر280بنائے۔ یہ اسکور آج کل کی کرکٹ کے لحاظ بہت زیادہ اچھا نہیں تھا لیکن اتنا بھی بڑا نہیں تھا کہ حریف ٹیم صرف دو وکٹیں گنواکر حاصل کرلے۔

ایسا صرف اس لئے ہوا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک بالکل بے ضرر ثابت ہوا اور کینگروز نے ہنستے کھیلتے ہدف حاصل کرلیا۔کپتان آرون فنچ اور شان مارش آسٹریلوی اننگز کے ہیرو رہے۔ دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 172رنز بناکر میچ کو یک طرفہ بنادیا۔

دوسرا ایک روزہ میچ بھی تقریبا پہلے میچ کا ری پلے ثابت ہوا، فرق صرف اتنا تھا کہ اس میچ میں پاکستان نے پچھلے میچ سے 4زیادہ یعنی 284رنزبنائے۔ اس میچ میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے شاندارسنچری اسکور کی جو ون ڈے میچوں میں ان کی پہلی سنچری تھی۔

اس میچ میں بھی پاکستانی بولرز کینگروز کے سامنے بے بس دکھائی دیئے اور انہیں پہلی کامیابی طویل انتظار کے بعد 209رنز پر ملی۔ اس میچ میں آرون فنچ نے ایک بار پھر سنچری اسکور کی۔ ناقابل شکست 153رنز کے ساتھ انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کا سب سے بڑا اسکور بنایا۔

ایک روزہ میچوں میں یہ ان کی مجموعی طور پر 13ویں اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری تھی۔انہوں نے سب سے زیادہ انگلینڈ کے خلاف 6سنچریاں بنائی ہیں۔

پے درپے دو شکست کے بعد بھی پاکستان ٹیم کی جانب سے مزید تجربات کے اشارے ملے ہیں۔ ون ڈے کی نمبر ون ٹیم ،آسٹریلیا کے خلاف پہلے ہی اپنے ٹاپ بولرز شاداب خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کے بغیر سیریز کھیل رہی ہے۔ فخر زمان اور بابر اعظم جیسے دنیا کے بہترین بیٹسمین بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیںجبکہ ٹیم کے کپتان سرفراز کو بھی آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

طویل عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے اسپنر عماد وسیم شارجہ کے دوسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں پاکستان کے سب سے زیادہ تجربہ کار بولر تھے۔ وہ 38ون ڈے میچوں میں30وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ فہیم اشرف نے20 میچوں میں 19 اور لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 21 ون ڈے میں 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عباس کا یہ دوسرا اورمحمد حسنین کا یہ پہلا میچ تھا۔

سیریز کے باقی میچز میں تو فہیم اشرف بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، مینجمنٹ نے آرام دینے کی غرض سے انہیں بھی وطن واپس بلالیا ہے۔

کرکٹ بورڈ کی سینئرز کو آرام دینے اور نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کی پالیسی سے لگتا ہے کہ آسٹریلیا یہ سیریز آسانی سے اپنے نام کرلے گا۔ پاکستان نے تقریبا ً17سال کے دوران آسٹریلیا کے خلاف کوئی سیریز نہیں جیتی۔آخری مرتبہ پاکستان نے 2002 میں فاسٹ بولر وقار یونس کی قیادت میں آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر 2-1سے شکست دی تھی۔

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top