مکی آرتھر محمد عامر کی اچھی فارم کیلئے پرامید

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے تسلیم کیا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر کی فارم پریشانی کا باعث رہی ہے تاہم وہ پراعتماد ہیں کہ لیفٹ آرم بولر ورلڈ کپ 2019 سے پہلے فارم میں واپس آنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

ورلڈ کپ 30مئی سے 14جولائی تک انگلینڈ اور ویلزمیں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کا افتتاحی میچ 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں ہوگا۔

محمد عامر وکٹیں لینے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور جون 2017میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے اب تک 14میچوں میں صرف 5وکٹیں حاصل کرسکے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں وہ 9اوورز میں 56رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے جس کی وجہ سے انہیں دوسرے ون ڈے میں ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ہاں ، عامر کی فارم پریشانی کا باعث ہے اور عامر سے زیادہ کوئی اور پریشان نہیں۔

آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ میں اب بھی سمجھتا ہوں کہ عامر حیرت انگیز طور پر ماہر بولر ہے اور کامیاب ہونے کی تمام صلاحیتیں رکھتا ہے۔اس کے پاس بڑے میچز کا مزاج ہے ، ہم دیکھیں گے کہ آگے میچز میں کیسے استعمال کرسکتے ہیں۔

پاکستانی کوچ نے تسلیم کیا کہ ٹیم میں واپس آنے والے عمر اکمل میں بہتری آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نظم و ضبط کے حوالے سے یقینی طور پر تبدیلی آئی ہے۔ 2017 میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی سے ایک ہفتہ قبل فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی پر عمراکمل کا نام اسکواڈ سے واپس لے لیا گیا۔

عمر اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دو میچز میں بالترتیب 49اور 16رنز بنائے ہیں۔

Share this post

PinIt

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top